وزیراعظم عمران خان کا عوام پر گیس کی مد میں کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ ڈالنے کا فصلہ

114

اسلام آباد، 27 مارچ(اے پی پی ): وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس میں عوام پر گیس کی مد میں کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعظم نے آئی ایم ایف معاہدہ کے تحت گیس کی قیمتیں بڑھانے کے عمل کو مؤخر، گیس کی قیمتوں میں استحکام کیلئے سوئی سدرن اور ناردرن گیس کمپنیز گراس کٹنگ، کفایت شعاری مہم اور گیس چوری کے حوالہ سے بروقت اور مؤثر اقدمات کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں، دونوں سوئی گیس کمپنیاں معاشی ریلیف پیکیج پر عملدرآمد کیلئے فوری طور پر عوامی سہولت مراکز قائم کریں۔

ان خیالات کا  اظہار وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق نے  کیا ، جو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ویڈیو پیغام کے ذریعے اجلاس بارے تفصیلات سے متعلق میڈیا کو آگاہ کر رہی تھیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس میں عام صارفین کی مشکلات، مسائل اور ان کے تدارک کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیر توانائی کو ہدایات دی ہیں کہ صارفین پر گیس کی قیمتوں کا بوجھ نہ ڈالا جائے اس کیلئے قیمتیں بڑھنے کا آئی ایم ایف معاہدے کے تحت گیس کی قیمتیں بڑھانے کا عمل مؤخر کیا جائے ۔

انہوں نے  کہا کہ  وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دی کہ پہلے سے گیس کی قیمتوں کے حوالے سے عوام پر بوجھ کم کیا جائے، گیس کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے سوئی سدرن گیس لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اور سوئی ناردرن گیس لمیٹڈ (ایس ایس جی پی ایل) اپنی اپنی کمپنیوں میں گراس کٹنگ کو یقینی بنانے کے ساتھ کفایت شعاری اور گیس چوری کے حوالے سے برقت اور مؤثر اقدام یقینی بنائیں۔

معاون خصوصی  برائے  اطلاعات  نے    کہا کہ اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت دی کہ گیس چوری کا صارفین پر بوجھ ختم کرنے اوراس سیکٹر میں اصلاحات لائی جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گیس چوری کی روک تھام کیلئے فوری طور پر ادارہ جاتی اصلاحات متعارف کرائی جائیں، کابینہ کی توانائی کیمیٹی اصلاحاتی ایجنڈا ای سی سی میں لائے گی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزارت توانائی کو ہدایت دی کہ دیہی علاقے کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے صنعتی اور کمرشل سیکٹر میں گیس کا استعمال متبادل دن تجویز کئے جائیں تا کہ ایل این سی اور دیگر گیس کے ذرائع پر منتقل کیا جائے اور عام صارفین کو گیس فراہم کی جائے تا کہ عوام پر کوئی اور بوجھ نہیں ڈالیں گے، پہلے بوجھ کم کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے، ایسا پروگرام متعارف کرایا جائے جس میں گیس صارفین کو بلنگ کے حوالے سے سہولت ہو۔ وزیراعظم نے معاشی ریلیف پیکیج پر فوری عملدرآمد کیلئے دونوں کمپنیاں صارفین سہولیات مرکز بنانے کی ہدایات دیں تا کہ معاشی ریلیف پیکیج پر تیزی سے عملدرآمد یقینی ہو سکے۔

اے پی پی /ناہید/حامد