وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات؛ 31ہزار آٹے کے تھیلوں کا عطیہ دیا

108

لاہور،27 مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیئرمین سنٹرل کمیٹی پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔پاکستان فلو ر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے موثر اقدامات کی تعریف بھی کی گئی۔

عاصم رضا نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کی روک تھام کے لئے ہم آپ کے ساتھ ہیں،مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت اور عوام سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے پنجاب حکومت کو 31ہزار آٹے کے تھیلوں کا عطیہ بھی دیا گیا۔اڑھائی کروڑ روپے مالیت کے آٹے کے تھیلے مستحق وضرورت مند افراد میں مفت تقسیم کئے جائیں گے،پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کروائی کہ آٹے کی قلت نہیں ہونے دیں گے-

وزیر اعلی نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں،حکومت کی سیاسی و انتظامی مشینری دن رات متحرک ہے،آٹے او راشیاء ضروریہ کی سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کررہے ہیں –

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ صوبے میں گندم کے وافر ذخائر ہیں،گندم کی نئی فصل بھی آنے والی ہے- فلور ملوں کے لئے گندم کا کوٹہ بڑھانے کا جائزہ لیا جائے گا-

وزیر اعلی نے کہا کہ آٹے کی دستیابی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے،آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لئے ضروری انتظامی اقدامات اٹھائے جائیں گے،عوام کو آٹے کی مقرر کردہ نرخوں پردستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ آٹے کی دستیابی کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیئے،پنجاب میں گندم یا آٹے کی کوئی قلت نہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آٹے کے تھیلوں کا عطیہ دینے پرفلو ر ملز ایسوسی ایشن کے وفد کا شکریہ اداکیا۔

اے پی پی /لاہور/حامد