وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس

177

 کوئٹہ 17مارچ (اے پی پی):  وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقدہونے والے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں حکومت بلوچستان نے کورونا وائرس کی روک تھام، احتیاطی تدابیر اور ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج معالجہ کی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے جاری اقدامات کو مزید مربوط اور موثر بنانے کے لئے چیف سیکریٹری بلوچستان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ اختیاراتی کور کمیٹی قائم کردی ہے، کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر اجلاس منعقد کرکے کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لے کر محکمہ صحت، پی ڈی ایم اے، سیکیورٹی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو گائیڈ لائن دے گی اور اس ضمن میں جاری اقدامات کی نگرانی کرے گی،کمیٹی ماہرین طب کی مشاورت سے عوام، ڈاکٹروں، طبی اور سیکیورٹی عملے کے لئے کورونا وائرس سے تحفظ کی ایس او پی بھی تیار کرے گی جس پر فوری عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ممکن ہوسکے، کمیٹی کی جانب سے روزانہ وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کی جائے گی، کمیٹی میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے، پبلک ہیلتھ کے ماہرین، سینئر ڈاکٹر پروفیسرز، ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے نمائندے، سینئر سول آفیسرز، انٹیلیجنس ایجنسیوں، سدرن کمانڈ اور سیکیورٹی اداروں کے حکام شامل ہوں گے، کمیٹی کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے انسانی وسائل اور فنڈز کے بہترین استعمال کو بھی یقینی بنائے گی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوروناوائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ایک موثر ٹیم ورک کی ضرورت ہے، جب ہر محکمہ اپنا کام ٹھیک کرے گا تو اس چیلنج سے نمٹنے میں کامیابی ملے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تفتان میں زائرین کو قرنطینہ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کئے اور تمام وسائل فراہم کئے گئے حکومت ڈاکٹروں اور طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے انہیں ضروری کٹس اور آلات فراہم کرے گی۔اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ،سیکریٹری صحت، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈبلیو ایچ او متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وی این ایس، کوئٹہ

Download Video