لاہور6مارچ، (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب میں سرمایہ کاری اور سیاحت کو مشترکہ طورپر فروغ دینے کے لئے اقدامات اور جنوبی پنجاب کے سیاحتی مقام فورٹ منرو کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کے لئے جامع پالیسی بنائی گئی ہے۔ سیاحت او رسرمایہ کاری کاچولی دامن کا ساتھ ہے- سیاحت بڑھنے سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہے- سرمایہ کاروں کے لئے شعبہ سیاحت میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو مزید سہولتیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فورٹ منرو کا ماسٹر پلان جلد تیار کرنے کی ہدایت دی۔ فورٹ منرو کو ماڈل سیاحتی مقام بنائیں گے- فورٹ منرو کے قدیمی قلعے کوسیاحوں کیلئے پرکشش بنایا جائے گا۔ انھوں نے ہدایت دی کہ مختلف پہاڑوں پرآمدو رفت میں آسانی کیلئے فورٹ منرو چیئرلفٹ اورٹرام کے منصوبے کاجائزہ لیا جائے- فورٹ منرومیں سفاری پارک اورکیمپنگ سائٹس کے لئے اراضی کی نشاندہی کا کام جلد مکمل کیا جائے- وزیر اعلی نے ہدایت دی کہ بہاولپور،ملتان اورڈیرہ غازی خان سے فورٹ منرو تک بسیں چلانے کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کی جائے-











