وزیرتوانائی پنجاب ،چیف وہپ قومی اسمبلی کا ملتان میں قائم قرنطینہ مرکز کا دورہ

120

ملتان، 29 مارچ(اے  پی پی ):وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹراخترملک،چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر  نے  ڈی سی عامر خٹک کے ہمراہ اتوار کو یہاں قائم  قرنطینہ مرکز  کا دورہ  کیا، دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیرتوانائی پنجاب نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے حالات کنٹرول میں ہیں،وزیر اعظم عمران خان انتہائی تدبر کے ساتھ اس  مسئلے  پر فیصلے کررہے ہیں۔

ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پارلیمنٹیرین کو اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کو کہا ہے،پنجاب حکومت زائرین کی مکمل دیکھ بھال کر رہی ہے،قرنطینہ میں بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور  اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور انکی پوری ٹیم متحرک ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر نے اپنا کیمپ آفس بھی  قرنطینہ مرکز  میں قائم کرلیا ہے، قرنطینہ میں خدمات سرانجام دینے ہر فرد کو سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے  عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے سماجی رابطے کم کر دیں۔

اس موقع پر چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر  نے  کہا کہ پوری دنیا کو کورونا وائرس کا چیلنج درپیش ہے،عوام کو ایک مشکل گھڑی کا سامنا ہے جبکہ صوبائی اور وفاقی حکومت عوام کوریلیف فراہم کر رہی ہے۔

اے پی پی /ملتان/حامد