وزیراعظم عمران خان کی موجودہ بحران کے دوران ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت

159

اسلام آباد ، 29 مارچ (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے موجودہ بحران کے دوران ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے، عوام کو اشیائے خوردونوش کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کےلئے رضاکار کورونا یوتھ ٹائیگر فورس اور صحافیوں کے تحفظ کے لئے موبائل ایپلی کیشن کا پیر کو اجراءکریں گے ،کورونا وائرس کا واحد علاج احتیاط ہے،کورونا وائرس معیشت پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں وبائی مرض سے نمٹنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور وزیراعظم عمران خان نے پارٹی قیادت کو باور کرایا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا اس بحران کا شکار ہے۔ وزیراعظم نے پارٹی قیادت کو کشمیر اورگلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کی جانب سے اس حوالے سے ڈیٹا کولیکشن اقدامات، جائزہ اور عملدرآمد کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشکل مرحلے سے گزر رہا ہے، مشکل گھڑی میں قیادت عوام کے ساتھ کھڑی ہو، کوئی حکومت اکیلے اس وباءکا مقابلہ نہیں کر سکتی، عوام کی یکجہتی، یکسوئی، ہم آہنگی اور تمام اداروں کے جرات مندانہ اقدامات سے اس وباءپر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے احتیاطی تدابیر پر مزید عمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے پارٹی قیادت پر زور دیا کہ عوام میں شعور، آگاہی اور احساس ذمہ داری پیدا کریں کہ خود بھی اس وباءسے بچیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں، سماجی فاصلے اختیار کریں۔

 معاون خصوصی نے کہا کہ لاک ڈاﺅن کی صورتحال سے گڈز ٹرانسپورٹ متاثر ہوئی ہے، پسا ہوا طبقہ، دیہاڑی دار مزدور بے روزگار ہوئے ہیں، ان کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی بڑا چیلنج ہے اس ذمہ داری کو پورا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے بے روزگار اور پسے ہوئے خاندانوں کو ان کے گھر پر راشن اور کھانے پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور شفاف روڈ میپ اور نظام کے ذریعے اشیائے خوردونوش کی تقسیم کو یقینی بنانے کے بارے میں تجاویز طلب کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں قومی ذمہ داری ادا کرنے کے لئے نوجوانوں کا انتخاب کیا ہے، یہ کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے اپنا دست بازو بنانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ نوجوان بے لوث ہو کر انسانیت کی خدمت سے سرشار ہیں، کم آمدن اور نادار افراد کو راشن پہنچانے کی ذمہ داری ان نوجوانوں کو سونپی جائے گی۔ عوام کو اشیائے خوردونوش کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے سے متعلق روڈ میپ کا اعلان وزیراعظم عمران خان پیر کو کریں گے۔

اے  پی پی /ظہیر/حامد