وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا وزارت خارجہ میں قائم کیے گئے “کرائسز مینجمنٹ سیل” کا دورہ

121

اسلام آباد ، 24 مارچ (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کرونا عالمی وبا کے حوالے سے آج وزارت خارجہ میں قائم کیے گئے “کرائسز مینجمنٹ سیل” کا دورہ کیا۔ وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ میں قائم کئے گئے ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ سینٹر کے مختلف سیکشنز کا دورہ کرتے ہوئے  انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس  کرائسز مینجمنٹ سیل کا قیام، کرونا انفیکشن کو عالمی وبا قرار دیے جانے کے بعد ہنگامی طور پر عمل میں لایا گیا ہے۔

 وزیر خارجہ نے ڈی جی کرائسز مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں میں نامزد فوکل پرسنز کے ساتھ مستقل رابطے کے ذریعے معلومات کی بروقت ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کرونا عالمی وبا کے پیش نظر، پاکستانی سفارتخانوں کو دنیا بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر اس مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی وبا کے تناظر میں، دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات اور مسائل کو روزانہ کی بنیاد پر شیئر کیا جائے تاکہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر فوری حل کیا جا سکے۔ا نکا  مزید کہنا تھا کہ کر کرائسز مینجمنٹ سیل،اس کرونا وبائی چیلنج کے دوران ہمہ وقت کام کرتا رہے گا۔ اس  ہنگامی کرائسز مینجمنٹ سیل کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ  معلومات کو مجتمع کر کے بھجوایا جائے تاکہ ان معلومات سے استفادہ کرتے ہوئے، اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے  موثر لائحہ عمل مرتب کرنے  میں مدد مل سکے۔

اس موقع پر سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، اسپیشل سیکرٹری معظم علی خان اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

اے پی پی /حمزہ/قرۃالعین