پاک فضائیہ کا طیارہ کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے چین سے امدادی سامان لیکر نور خان ایئر بیس پہنچ گیا

114

راولپنڈی،29مارچ(اے پی پی):پاک فضائیہ کا ٹرانسپورٹ طیارہ

78 ILکرونا وائرس کی روک تھام کیلئے امدادی سامان لے کر چین سے آج رات پی اے ایف بیس نور خان پہنچا،چینی حکومت نے یہ امدادی سامان ملک میں اس مہلک وبا  سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لئے پاکستان کو  بطور عطیہ بھیجا ہے ۔14 ٹن  امدادی سامان میں وینٹی لیٹر ، این 95 ماسک اور حفاظتی لباس شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ بیڑے78 IL کو COVID-19 کی روک تھام کے لیے ہمسایہ ملک چین سےمختلف امدادی اور طبی سامان کی نقل و حمل کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔یہ پرواز گزشتہ چند ماہ میں پاک فضائیہ کی امدادی پروازوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اسکے علاوہ  رواں سال کے اوائل میں COVID-19 سے متاثرہ چینی شہر ووہان میں  بھی امدادی سامان پہنچانے کے لیے پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے کو استعمال کیا گیا۔

 ان امدادی سرگرمیوں کے دوران کئی ٹن وزنی طبی سامان پاک فضائیہ کے طیاروں کے ذریعے منتقل کیا گیاہے۔

اے پی پی /حمزہ/قرۃ العین