اسلام آباد، 23 مارچ ( اےپی پی): وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کرونا وائرس کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوۓ کہا ہے کہ کرونا وائرس کا بہترین علاج آئسولیشن ہے کیونکہ گھروں تک محدود رہنے سے اس وائرس سے بچا جا سکتا ہے
انہوں نے کہا کہ تمام انٹرنیشنل فلائٹس معطل کردی گئی ہیں اوروقت کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک فلائٹس بھی معطل کر دی جائینگی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں بڑھتے خدشات کے پیش نظر کراچی اور سکھر ایئرپورٹ بند کر دیے گئے ہیں ڈسٹرک آپریشن ملک کے اندر جاری ہیں،جن کا روزمرہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وزیر ہوا بازی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ لوگ کم سے کم گھروں سے باہر نکلیں۔ کم سے کم روابط سے ہی کرونا کو شکست دی جاسکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو عوام نے یہ مینڈیٹ دیا ہے کہ وہ عوام کے حق میں فیصلے کر سکیں اپوزیشن جماعتیں تنقید برائے تنقید پر عمل پیرا ہیں ،نیشنل ایشوز پر سیاست کرنے والے قوم سے مخلص نہیں۔
وی این ایس، اسلام آباد











