لاہور، مارچ 24(اے پی پی): حکومت پنجاب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر تمام بازاروں ، دکانوں ، عوامی آمد و رفت اور تفریحی مقامات کو چودہ دن تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے بعد آج سہ پہر لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ، وزیر اعلی سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جزوی تالابندی کل صبح 9 بجے سے صوبے میں ہوگی جو اگلے مہینے کی 6 تک نافذ رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران تمام پبلک ٹرانسپورٹ بھی معطل رہے گی۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بتاتے ہوئے کہا کہ اب تک 225 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج انسداد کورونا ٹیم کا اجلاس ہوا جس کے تحت صوبے میں کورونا وائرس سے متعلق کچھ اہم فیصلے کیے گئے۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ 14 دن کے لیے صوبےمیں ڈبل سوار پر بھی پابندی لگائی جارہی ہے۔اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ یہ کوئی کرفیو یا لاک ڈاؤن نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کل کابینہ اجلاس میں تمام چیزوں پر غور کرکے معاشرے کے غریب طبقے کی امداد کے لیے جلد امدادی پیکج کا اعلان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ میڈیکل سٹورز، کریانہ سٹورز، سبزی منڈی، فروٹ، دودھ اور دہی شاپس کھلی رہیں گی۔
وی این ایس، لاہور











