کرونا وائرس کے پیش نظر نوشہرہ پولیس کا انتظامیہ کے ساتھ ضلع بھر میں مشترکہ فلیگ مارچ

143

پشاور،25مارچ(اے پی پی): نوشہرہ کے ڈپٹی کمشنر شاہدعلی خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کاشف ذوالفقار کے زیر قیادت ضلع بھر میں آج مشترکہ فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں پولیس ،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔

ڈی پی او نوشہرہ کاشف ذوالفقار نے فلیگ مارچ میں لاوڈ اسپیکر کے ذریعے عوام کو گھر سے نہ نکلنے اور کرونا وائرس سے بچاو کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگہی دی  اور بتایا گیا کہ فلیگ مارچ کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تحفظ کااحساس دلاناہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ صورتحال کی حساسیت کے پیش نظر اپنے گھروں میں محدود رہیں،غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے گائیڈ لائنز کے طور پر جاری کردہ حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے اپنی شہری ذم داریاں پوری کریں۔

ڈپٹی کمشنر نوشہرہ شاہد علی خان نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت  شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے اس وبائی مرض کرونا کو شکست دینے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں اسلئے عوام ان کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔

اے پی پی /پشاور/نورین