کرونا وائر س کی موجودہ صورتحال میں عوامی تعاون اور آگاہی ناگزیر ہے: مشیر اطلاعات اجمل وزیر

129

پشاور،26مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے سول سیکرٹریٹ میں واقع اطلاع سیل سے ویڈیو لنک کے زریعے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں عوامی تعاون اور آگاہی ناگزیر ہے۔ تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے حضرات سے التماس کے اپنے اپنے حلقہ احباب کے افراد کو سماجی طور پر آئسولیٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی تلقین کریں۔

صوبے میں کرونا وبا بارے بریفنگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات نے بتایا کہ اب تک صوبہ بھر میں مشتبہ افراد کی تعداد 694 ہے اور 121 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مردان تحصیل منگا میں لئے گئے 43 نمونوں میں سے 39 کے رزلٹ پازیٹیو آئے ہیں، تصدیق شدہ کیسز کی تفصیلات بتاتے ہوئے اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ منگا میں کنفرم کیسز کے علاوہ ڈی آئی خان قرنطینہ سنٹر سے دو کیسز پازیٹیو آئے ہیں جبکہ صوابی اور سوات میں ایک ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

مشیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ اب تک 159 افراد کے تجزیے نیگیٹیو آئے ہیں اور مزید 317 افراد کے نتائج ابھی آنے ہیں۔ اب تک دو افراد کرونا سے ریکور ہوکے گھروں کو بھیجے جاچکے ہیں اور صوبے میں کرونا سے اب تک تین اموات ہوچکی ہیں۔

قبائلی اضلاع سمیت صوبہ بھر میں کرونا وبا سے نمٹنے کیلئے قائم کردہ قرنطینہ مراکز کی تفصیلات بتاتے ہوئے اجمل خان وزیر نے بتایا کہ  176 قرنطینہ مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں 4400 سے زائد افراد کی گنجائش ہے اور ابھی تک 422 افراد کو کورنٹائن کیا گیا ہے۔  ان افراد کی دیکھ بھال پر طعینات 515 طبی عملہ بھی کورنٹائن ہے

مشیر اطلاعات نے بتایا کہ کرونا وبا کیلئے لانچ کئے گئے ہیلپ لائن 0800-01700 پر پچھلے چار دنوں کے دوران تین سو چودہ کالز موصول ہوئی ہیں جن میں صرف 206 کرونا سے متعلق تھیں جنہیں متعلقہ ڈی ایچ اوز کو ریفر کرکے تیس مشتبیہ افراد کی شناخت کی گئی جن میں چار افراد میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

اے پی پی /صائمہ حیات/حامد