کرونا ٹسٹٹ کی سہولت پورے صوبے تک پہنچائی جائیگی، حکومت ضلعی ہسپتالوں میں تمام ضروری آلات فراہم کر رہی ہے: اجمل وزیر

111

پشاور،28مارچ(اے پی پی):صوبائی  مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ کرونا ٹیسٹ کی سہولت پورے صوبے تک پہنچائی جائیگی، حکومت ضلعی ہسپتالوں میں تمام ضروری آلات فراہم کر رہی ہیں۔ہیلتھ ورکرز، پولیس اور فرنٹ لائن پر موجود تمام عملے کے لیے حفاظتی انتظامات کر لیے گئے ہیں۔حفاظتی پابندیوں کا اب تک اچھا رزلٹ آ رہا ہے۔

 کورونا کے حوالے سے پریس کانفرنس میں اجمل وزیر کا  کہنا تھا  کہ  صوبے میں 8 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی جس سے صوبے میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی  تعداد 188 تک پہنچ گئی ہے اسکے علاوہ مشتبہ افراد کی تعداد 894 تک پہنچ گئی ہے  جو مختلف قرنطین سنٹرز میں زیر علاج ہیں۔ 345 افراد کے رزلٹ آنے کا انتظار ہے جبکہ 195 افراد کے رزلٹ منفی آئے ہیں۔ کابینہ نے کاروباری طبقے کو  5 ارب روپے ٹیکس  کی چھوٹ کی  منظوری بھی دی ہے، محکمہ صحت کو ضروری میڈیکل سامان لینے کے لئے 8 ارب روپے کی منظوری جبکہ  محکمہ ریلیف کو 6 ارب روپے دینے کی  منظوری دی گئی ہے۔ انہوں  نے کہا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں کورونا ٹیسٹ  کی استعداد کار  500 تک پہنچا دی گئی ہے۔

اجمل وزیر  نے کہا کہ کابینہ کی طرف سے منظور شدہ پیکج صوبے کے 19 لاکھ مستحق خاندانوں میں تقسیم کیاجائیگا،3 ہزار روپے احساس پروگرام کے تحت جبکہ 2 ہزار روپے خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے دئے جائینگے جس پر  کل لاگت 11 ارب 40 کروڑ روپے آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی محمود خان کی خصوصی ہدایت پر صوبے میں بیرونی ممالک سے آنے والوں کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔عوام بیرونی ممالک سے آنے والوں کا ٹال فری نمبر 1700 یا 080001700 پر اطلاع دے تاکہ کورونا وائرس کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ذخیرہ اندوزی بالکل برداشت نہیں کی جائیگی اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔

مشیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ میڈیا سے وابستہ لوگوں کے لیے حفاظتی کٹس کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔خیبرپختونخوا کے ریلیف پیکج میں بھی میڈیا کے مستحق لوگوں کو شامل کر رہے ہیں۔ صحافی برادری فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دیکر عوام کو باخبر رکھتے ہیں۔میڈیا نمائندگان کو خصوصی کارڈز جاری کئے جا رہے ہیں تاکہ کورونا وائرس کے خلاف کام کرنے میں ان کو آسانی ہو۔

اے پی پی/صائمہ حیات /قرۃالعین