اسلام آباد،22 اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی میزبانی میں آزادکشمیر کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی کانفرنس بدھ کو یہاں جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں منعقد ہوئی ، کانفرنس میں صدر آزاد کشمیر مسعود خان بھی شریک ہوئے ۔
کانفرنس میں آزادکشمیر میں لاک ڈاون کی صورتحال پر غور کیا گیا اور مستقبل کے اقدامات پر وزیراعظم آزادکشمیر نے ساری سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جبکہ تمام جماعتوں نے حکومت آزادکشمیر کی جانب سے اٹھاے جانے والے اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور آزادکشمیر میں مذہبی معاشی سماجی معاملات پر حکومت آزادکشمیر کی جانب سے مجوزہ احتیاطی تدابیر کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
شرکاء نے حکومت آزادکشمیر کی جانب سے بین الاضلاعی نقل و حرکت کی پابندی کو جاری رکھنے اور جزوی معاشی و صنعتی بحالی کے لیے اٹھاے گئے جملہ اقدامات کی تائید کی اور اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بدترین لاک ڈاون اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور آزادکشمیر میں لاک ڈاون کو بھرپور بنانے اور سول انتظامیہ کی درخواست پر پاک فوج کے کردار اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ آزادکشمیر کی سیاسی قیادت کا بھرپور اعتماد پر شکرگزار ہوں،کوئی فیصلہ اکیلے نہیں کرینگے آج آزادکشمیر کے اندر کوئی حکومت اپوزیشن کی تفریق نہیں،جب تک علاج دریافت نہیں ہوجاتا ہم نے کورونا کے ساتھ زندہ رہنا سیکھنا ہے، آزادکشمیر کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کا ملکر متفقہ لائحہ عمل تشکیل دینا جمہوری نظام کی کامیابی ہے، آزادکشمیر کی سیاسی قیادت نے ہر مشکل مرحلے پر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا۔
اجلاس میں تارکین وطن اور پاکستان بھر میں کورونا سے جانبحق ہونیوالوں کے لیے دعاے مغفرت کی گئی۔
کانفرنس میں صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق، صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود ، جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر فیصل راٹھور ، صدر جے کے پی پی حسن ابراہیم اور امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر خالد محمود نے بھی شرکت کی۔
اے پی پی ۔سدرہ/حامد