احساس پروگرام کے تحت ہری پور میں بھی رقوم کی ادائیگیوں کا سلسلہ شروع

159

ہری پور11،اپریل (اے پی پی ):احساس پروگرام کے تحت ہری پور میں بھی رقوم کی ادائیگیوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔ اس حوالے سے ہری پور کی تین تحصیلوں میں کل چار پوائنٹ ایلیمنٹری کالج اور کرٹس گرائونڈ تحصیل غازی اور خانپور میں ایک ایک پوائنٹ کورقم کی ادائیگی کے لیے منتخب کیا گیا ہے ،جہاں پر رجسٹرڈ مستحق خواتین کو بارہ بارہ ہزار روپے فی کس کے حساب سے نقد پیمنٹ کی جا رہی ہے۔

 مزکورہ مراکز پر ضلعی انتظامی افسران کی نگرانی میں تمام تر حفاظتی اقدامات کے ساتھ خواتین کے لیے پردے کا بھی  انتظام کیا گیا ہے۔

 اس موقع پر محکمہ صحت کی ٹیمیں بھی حکومتی ہدایات کی روشنی میں اپنے فرائض منصبی ادا کر رہی ہیں جبکہ تمام مراکز پر ضلع پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے بہترین انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

 اسسٹنٹ کمشنر ہری پور  نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس مشکل وقت میں مستحق خواتین کے بجھے چولہے جلانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل تحسین ہیں،ضلعی انتظامیہ حکومتی احکامات کی روشنی میں رقوم کی شفاف ادائیگیوں کو یقینی بناتے ہوئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے ۔

سیکورٹی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر ایڈیشنل ایس پی ذوالفقار خان کا کہنا پے کہ سکیورٹی کا مکمل انتظام کیاگیاہے جبکہ  لوگوں کے درمیان بھی  فاصلہ رکھاجارہا ہے۔

 اے پی پی /وقا ص احمد/ریحانہ