حکومت براون ملک مقم پاکستانواں کو واپس لانے کے لیے کوشاں ہے:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

144

اسلام آباد ، 11 اپریل (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سمندر پار وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد واپسی کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس

 منعقد ہوا۔ وزارت خارجہ میں منعقدہ  اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر خارجہ  کا کہنا تھا کہ ہم نے بیرونی ممالک سے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے متفقہ طور پر واضح ایس او پی اور پروٹوکول مرتب کیے ہیں۔  بیرون ملک قید پاکستانیوں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کیلئے بھرپور کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں۔

وزیر خارجہ  نے کہا کہ اب تک ہم 9 خصوصی پروازوں کے ذریعے بیرون ملک مقیم 1600 سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لا چکے ہیں  جبکہ ہزاروں پاکستانی ابھی تک وطن واپسی کے منتظر ہیں ۔ کینیا، تنزانیہ، سوڈان اور جہاں جہاں بھی ہمارے تبلیغی جماعت کے لوگ موجود ہیں، ہمارے ایمبیسڈرز ان کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔ ہمیں وطن واپسی کے منتظر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تکالیف کا مکمل احساس ہے اور میں نے تمام پاکستانی سفارتخانوں کو اپنے پاکستانی بھائیوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایات دی ہیں جبکہ زائرین کی جلد وطن واپسی کیلئے بھی لائحہ عمل طے کیا

 جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی وطن واپسی کے عمل کو مکمل کرنے کیلئے ،ٹسٹنگ اور کوارنٹائین کی سہولیات کے پیش نظر، صوبوں کو آگے بڑھنا ہو گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  شہریار خان آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دنیا بھر میں پھنسے پاکستانیوں کی جلد از جلد وطن واپسی کو ممکن بنانے کیلئے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ لاک ڈاون میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے وزارت خارجہ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی عکاس ہیں۔اس وقت مختلف ممالک میں تبلیغی جماعت، زائرین، طلباء، قیدی اور اوورسیز پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں، انہیں واپس لانا  حکومت کا مشن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانےاور مشن جس طرح سمندر پار پاکستانیوں کو خوراک اور دیگر امداد پہنچا رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے  ہوئے شہریار خان آفریدی نے کہا  کہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر اجلاس کرکے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے عمل کی نگرانی کررہی ہے جبکہ  ہم چھٹی کے روز بھی اجلاس کا انعقاد کرکے وزارتوں اور صوبائی حکومتوں سے فیڈ بیک کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح دفتر خارجہ  اور پاکستانی سفارتخانوں نے دنیا بھر میں ایئرپورٹس پر موجود پاکستانیوں کا خیال رکھا ہے وہ قابلِ تحسین ہے جس پر انہوں نے وزیر خارجہ کو مبارکباد  بھی دی۔

اجلاس میں چیئرمین پارلیمانی سب کمیٹی برائے مسائل تبلیغی جماعت و زائرین شہریار خان آفریدی سمیت اسپیشل سیکرٹری خارجہ معظم علی خان، ڈی جی نیشنل کرائسز مینجمنٹ یونٹ سلمان اطہر اور وزارت خارجہ کے سینیئر افسران نےشرکت کی ۔

اے پی پی /حمزہ /قرۃالعین