کوئٹہ 21 اپریل (اے پی پی) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت بلوچستان سمیت ملک بھر میں غریب اور نادار افراد کی مالی معاونت کا سلسلہ شروع ہے اور ڈیڑھ سو ارب روپے مرحلہ وار تمام اہل غریب خاندانوں کو فراہم کئے جائیں گے۔ بلوچستان میں اس پروگرام پر عمل درآمد کے لیے چودہ احساس کفالت سینٹر قائم ہیں جنکی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے۔
نجی موبائل کمپنی کی جانب سے 500 خاندانوں کے لیے فراہم کردہ راشن بیگز ایدھی سوشل سروسز کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مالی مشکلات کے باوجود حکومت نے دستیاب وسائل کو غریب عوام کی بہبود کے لیے وقف کرتے ہوئے فی خاندان بارہ ہزار روپے فراہمی کا تاریخی ریلیف پیکج دیا ہے اور یہ مالی معاونت ہر غریب آدمی کو بغیر کسی رکن اسمبلی یا وزیر کی سفارش کے بلا امتیاز فراہم کی جارہی ہے ۔
قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں صاحب حیثیت اور مخیر حضرات کی ایک بڑی تعداد زکوۃ ادا کرتی ہے۔ ایسے مخیر حضرات سے گزارش ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں آگے آئیں اور غریب افراد کی مدد کے لئے حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت اور منتخب اراکین اسمبلی بھی حسب استطاعت اپنے اپنے حلقوں میں غریب اور مزدور پیشہ طبقات کی مدد کے لئے کام کررہے ہیں، انشاءاللہ کورونا کے خلاف اس جنگ میں جیت ہماری ہوگی اور ہم سب مل جل کر اس موذی مرض کو شکست دینے میں کامیاب ہوں گے۔
اے پی پی / محمد بلال/قرۃالعین











