احساس کیش ایمرجنسی پروگرام نہایت شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر چلا یا جا رہا ہے: وزیر اعظم عمران خان

138

اسلام آباد ، اپریل 15 ( اے پی پی ): وزیر اعظم عمران خان سے   پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر  اور سندھ اسمبلی  میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر  حلیم عادل شیخ نے بدھ کو یہاں  ملاقات کی اور  وزیرِ اعظم کو کورونا وائرس کے تناظر میں صوبہ سندھ کی مجموعی صورتحال  اور عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ   احساس کیش ایمرجنسی پروگرام تمام سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر نہایت شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر چلا یا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وفاقی حکومت ملک بھر کی  عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کر رہی ہے-

وزیراعظم نے کہا کہ  عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے،  کورونا کے ساتھ ساتھ غربت   سے نمٹنا بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی معاشی مشکلات کو مد نظر رکھ کر لائحہ عمل تشکیل دیا جا رہا ہے،کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں شمولیت کے حوالے سے نوجوانوں کا جذبہ قابل تحسین ہے۔انہوں  نے  کہا کہ کمزور اور غریب طبقے کو ریلیف کی فراہمی میں حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کا بھی تعاون درکار ہے، سیاسی قیادت مخیر حضرات کو متحرک کرنے اور ہر مستحق  تک پہنچنے میں کردار ادا کرے۔

حلیم عادل شیخ نے صوبہ سندھ کے عوام کی  مشکل کی اس گھڑی میں وفاقی حکومت کی جانب سے احساس کیش ایمرجنسی پروگرام کے تحت ملنے والی مالی معاونت پر وزیرِ اعظم عمران خان  کا شکریہ ادا کیا ،  انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات کے باوجود موجودہ صورتحال میں اربوں روپے کا پیکیج فراہم کرنے پر وزیرِ اعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

حلیم عادل  نے   وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوے کہا  کہ صوبے بھر کے نوجوانوں میں کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کا حصہ بننے میں انتہائی جوش و خروش پایا جاتا ہے،ریلیف فراہم کرنے کی کوششوں میں سندھ کے نوجوان پیش پیش ہوں گے اور  وزیرِ اعظم کی طاقت بنیں گے۔

حلیم عادل شیخ  نے کہا   کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر تعمیرات اور ایکسپورٹ انڈسٹری کے حوالے سے بروقت فیصلے لینے  پر وفاقی حکومت کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا  پاکستان تحریک انصاف  سندھ باب اور اسکی قیادت مشکل کی اس گھڑی میں صوبے کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور وزیرِ اعظم عمران خان کی کوششوں کا بھرپور ساتھ دے گی۔

اے پی پی/عمار برلاس /قرۃالعین