ایکنیک اجلاس میں این فائیو موٹروے کے لودھراں ملتان سیکشن کی تعمیر سمیت چارمیگا منصوبوں کی منظوری

201

اسلام آباد، 30 اپریل (اے پی پی): قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی ( ایکنیک) نے دیامربھاشا ڈیم پراجیکٹ (حصول اراضی وری سیٹلمنٹ) پراجیکٹ اوراین فائیو موٹروے کے لودھراں ملتان سیکشن کی تعمیر سمیت چارمیگا منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔

 وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ  کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلا س کے دوران این فائیو موٹروے کے لودھراں ملتان سیکشن کے دولین 62 کلومیٹر حصہ کی تعمیرسمیت چارمیگا منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

 این فائیو موٹروے کے لودھراں ملتان سیکشن کی تعمیرپر12.43 ارب روپے کی لاگت آئے گی، اس منصوبہ میں دوفلائی اورز، دو انٹرچینجز، اور4 چھوٹے پل شامل ہیں۔اجلاس میں پنجاب کے 11 کم ترقی یافتہ اضلاع کیلئے پنجاب ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی، اس منصوبہ پر32 ارب روپے کی لاگی آئیگی۔

ایکنک نے خیبرپختونخوا ایری گیٹڈ ایگری کلچرانویسٹمنٹ پراجیکٹ (کے پی آئی اے آئی پی ) کی منظوری بھی دی، یہ منصوبہ خیبرپختونخواکے تمام 26 اضلاع کیلئے ہے اوراس پر30 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔اجلاس میں دیامربھاشاڈیم پراجیکٹ (حصول اراضی وری سیٹلمنٹ) پراجیکٹ کی اصولی منظوری دی گئی، اس منصوبہ پر175.43 ارب روپے کی لاگت آئےگی۔

اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی کو پراجیکٹ کے اخراجات ، تنخواہیں والاونسز کو مزید معقول بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اے پی پی/ سعیدہ/ھامد