کوئٹہ، 17 اپریل (اے پی پی):ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ شہری کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے لاک ڈاون پر پابندی کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اپنائیں، اس وقت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کرونا وائرس کے مقامی کیسز بڑی تعداد میں سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کا ایک متاثرہ شخص 150 سے زائد لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔ عوام، پولیس اور حکومت کی جانب سے اٹھائی جانے والی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ طارق الٰہی مستوئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی پولیس کا کہنا تھاکہ لاک ڈاون کے حوالے سے حکومت اور انتظامیہ نے دکانوں کو کھولنے کی اجازت اس انداز میں نہیں دی جس انداز میں تاجر بر ادری اور شہری لے رہے ہیں اور نہ ہی لاک ڈاون میں نرمی کی گئی ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئٹہ کے مختلف علاقے جس میں نواں کلی، کچلاک سمیت بلوچستان کے علاقوں پشین، مستونگ، مکران ڈویژن، خاران، نصیر آباد سمیت دیگر علاقوں میں مہلک کرونا وائرس کے مقامی انفیکشنز کے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی پولیس نے کہا کہ پولیس اور حکومت کی جانب سے جو بھی حکمت عملی اپناتے ہوئے اقدامات کئے گئے ہیں اس پر شہری عملدرآمد کو یقینی بنائیں ، لاک ڈاون میں ایک میکنزم کے تحت دکانوں جس میں کنسٹریکشن، سیمنٹ،سریا، اینٹ اور ہوٹلوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ہوٹل ہوم ڈیلیوری سمیت پیکنگ میں کھانے کی اشیاء دے سکتے ہیں۔ گڈز ٹرانسپورٹ کو سامان کے حصول کی اجازت ہے ۔ نماز جمعہ اور دیگر نمازوں کی ادائیگی میں کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلا و کو روکنے کے لئے شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں تا کہ اس وائرس کو مقامی سطح پر پھیلنے سے روکا جا سکے۔
اے پی پی / محمد بلال/حامد











