حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے : وزیراعلیٰ بلوچستان

104

کوئٹہ،14اپریل(اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور انہیں پی پی ای کٹس کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ان   خیالات  کا اظہار  وزیراعلیٰ بلوچستان  نےکورونا کی صورتحال اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے  ہوئے  کیا ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ  ڈاکٹروں اور ہسپتالوں کیلئے  ایک ماہ کی ضرورت کے مطابق پی پی ای کٹس، ماسک اور دیگر حفاظتی سامان دستیاب ہے جسے ایس او پی کے مطابق ڈاکٹروں اور ہسپتالوں کو تسلسل کے ساتھ فراہم کیا جاتا رہے گا  ۔

 اجلاس میں تربت، ژوب، نصیرآباد اور خضدار میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لئے پی سی آر مشینیں فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ کوئٹہ میں مزید پی سی آر مشین فراہم کرکے ٹیسٹنگ کی استعداد کو بڑھانے کی منظوری دی گئی ۔

اجلاس میں  ایران سے برآمد کی جانے والی ایل پی جی ذخیرہ کرنے کی لئے گیس سٹوریج اسٹیشن کے قیام سے متعلق امور کا جائزہ  لیا گیا اور  فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت سے تفتان، دالبندین اور دیگر اضلاع میں ایل پی جی اسٹوریج اسٹیشن کے قیام کے لئے فوری رابطہ کیا جائے گا ۔

 اجلاس میں صوبائی وزراء میر عارف جان محمد حسنی،  ڈاکٹر ربابہ بلیدی، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز اور  ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بھی  شرکت  کی ۔

 اے پی پی /محمد بلال/قرۃ العین