اسلام آباد ، 14 اپریل (اے پی پی) :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رمضان المبارک میں مساجد میں اجتماعات اور نماز تراویح سے متعلق سفارشات کی تیاری کے لئے تمام صوبوں کے گورنرز اور علمائے کرام کا اجلاس 18 اپریل کو طلب کیا ہے۔ یہ فیصلہ منگل کو ایوان صدر میں ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ صدر مملکت تمام صوبوں کے گورنرز ،آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور علمائے کرام کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کریں گے اور کورونا وباءکی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ان سے نماز تراویح سے متعلق رہنما اصولوں اور سفارشات پر مشاورت کریں گے۔ علمائے کرام کی سفارشات سے حکومت کو جامع پالیسی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ سماجی فلاح وبہبود میں تعاون کے لئے زکوة اور خیرات دیں جو کہ اس مقدس مہینے مساجد اور مدارس کے ذریعے دی جاتی ہے۔
اے پی پی /برلاس/ریحانہ











