ملتان؛ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی شہر میں گرینڈ صفائی اور ڈس انفکشن مہم جاری

264

ملتان ،۱۷ اپریل (اے پی پی ):ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی شہر میں گرینڈ صفائی  اور  ڈس انفکشن مہم جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پرگزشتہ روز جنوبی پنجاب کے سب سے  بڑےتبلیغی مرکز ابدالی مسجد کی سٹریلائزیشن کی گئی۔اس  عمل میں باوزر اور سینٹری ورکرز نے حصہ لیا۔ڈپٹی منیجر آپریشن  عثمان خورشید نے ڈس انفکشن کے عمل کی نگرانی کی۔مسجد کے صحن،وضو خانے،واش رومز اور پارکنگ ایریازکو جراثیم کش محلول سے دھویا گیا۔ابدالی روڈ اور ابدالی مسجد کے اطراف میں تمام سڑکوں کی کلورین اور فنائل ملے پانی سے واشنگ کی گئ۔ابدالی مسجد میں مقیم کورونا ٹیسٹ میں پازیٹیو آنیوالے تبلیغی جماعت کے تمام اراکین کو قرنطینہ مرکز لیبر کمپلیکس شفٹ کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر قادرپور راں میں بھی صفائی کا خصوصی آپریشن گزشتہ روز سے جاری ہے جس میں 50 رکنی سکواڈ اور بھاری مشینری مصروف عمل ہے۔ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ناصر شہزاد ڈوگر  نے شہر کی بھرپور صفائی کے لئے نئے پلان کی منظوری دے دی ہے۔ناصر شہزاد ڈوگر نے گزشتہ روز گھنٹہ گھر، نواں شہر چوک، ڈیرہ اڈا، عزیز ہوٹل اور ہائیکورٹ چوک کا وزٹ کیا اور صفائی کا معائنہ کیا۔انہوں نے  ڈس انفکشن ٹیم کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا ۔ڈس انفکشن ٹیم نے گزشتہ روز   یونین کونسل 13  میں انڈورا سپرے مہم میں حصہ لیا۔

اے پی پی / ملتان / ریحانہ