وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے مظفر آباد میں پہلے کورونا آئیسولیشن ہسپتال کا افتتاح کر دیا

112

اسلام آباد/ مظفرآباد 03, اپریل (اے پی پی): وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے دارالحکومت مظفر آباد میں پہلے کورونا آئیسولیشن ہسپتال کا افتتاح کردیا۔

 جدید ترین مشنری سے لیس آئیسولیشن ہسپتال آفیسرز کلب کی نو تعمیر شدہ عمارت میں بنایا گیا ہے۔یہاں موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق آئیسولیشن ہسپتال میں ابتدائی طور 50 بیڈ 12 آئی سی یو روم 10 وینٹیلیٹرز موجود اور 30 ڈاکٹرز تعینات کردیے گئے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہسپتال کی استعداد جلد 100 بستر تک لے جائیں گے،باقی صوبوں کے مقابلے میں ہمارے وسائل انتہائی محدود ہیں مگر ہم کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نو تعمیر شدہ وزیراعظم ہاﺅس میں قرنطینہ سنٹر قائم کرنے کے بعد آفیسرز کلب میں ہسپتال قائم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا ختم ہونے کے بعد یہاں دل کا جدید ہسپتال بنائیں گے،آزادکشمیر کی 3700 لیڈیز ہیلتھ ورکرز کو مستقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  ان سے کورونا کے حوالے سے کام لیں گے ،آزادکشمیر کے ہر گاﺅں میں کمیٹیز تشکیل دی جارہی ہیں جن میں مختلف محکمہ جات کے ملازمین اور عوام شامل ہوں گے۔

اے پی پی /ڈیسک/نورین