مظفرآباد، 10اپریل (اے پی پی):وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزراء، چیف سیکرٹری آئی جی پی، تینوں ڈویثرنز کے کمشنرز اور ڈی آئی جیزسمیت اعلی حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں آزادکشمیر میں ہیلتھ ایمرجنسی کی صورتحال کا جائزہ اور مختلف علاقوں میں درپیش معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر بھر میں حفاظتی انتظامات اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں،
آزادکشمیر بھر میں ٹیسٹنگ کی استعدادکار بڑھائی جارہی ہے جس کے لیے حکومت پاکستان کو مزید ضروری سامان کی فہرست بھیجی ہے،ہمیں آزمائش کا سامنا ہے تمام لوگ اس سے بچنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ افواہ سازی اور نفرت انگیز پروپیگنڈے سنسنی خیزی تعصب پھیلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی،تمام مکاتب فکر حکومت کا ہاتھ بٹائیں ریاست پر لوگوں کا اعتماد ہماری کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے، میرپور ڈویثرن میں فصلوں کی کٹائی کے دوران احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں،مشکل وقت میں جان ہتھیلی پر رکھ کر کام کرنے والوں پر فخر ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ حفاظتی کٹس سمیت ضروری سامان تمام ہسپتالوں کو مہیا کردیا گیا ہے کہیں شکایت ہے تو اس کا ازالہ کیا جائے۔
اے پی پی /سدرہ /حامد











