کوئٹہ،10اپریل ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت جمعہ کو کرونا وائرس سے متعلق ریلیف اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقدہہوا۔اجلاس کو ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون نے آگاہ کیا ہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ کی ہدایت پر قائم کی گئی ڈاکٹروں کی ٹیم نے پی پی ای کٹس ، ماسک اور دیگر آلات کا معائنہ کرتے ہوئے اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ شیخ زید ہسپتال، فاطمہ جناح ہسپتال، بی ایم سی ہسپتال ، سول ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں ضروری سامان کی فراہمی جاری ہے۔
سپیشل سیکرٹری صحت ظفر عباسی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زائرین کے علاوہ مقامی سطح پر بھی کرونا وائرس کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، کرونا ٹیسٹ کی استعداد میں اضافہ کے بعد روزانہ کی بنیاد پر قرنطینہ کی معیاد پوری کرنے والے افراد کے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں صوبے بھر کے پیرامیڈیکس کے الا و نس کے لیے 515 ملین روپے کے اجراء ،ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں کو مشتہر کرنے کے لئے محکمہ خزانہ کو سمری تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ آئندہ پانچ سالوں میں گورننس کی بہتری کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمپیوٹرائزیشن کا استعمال ناگزیر ہوگا، جس کے لیے آئی ٹی اتھارٹی اور بلوچستان ڈیٹا سینٹر کے قیام کی ضرورت ہے، کرونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات کے حوالے سے جان بوجھ کر غلط تاثر پیش کرنے کی کوشش کی گئی اور فنڈز کے متعلق غلط اعدادو شمار پیش کئے گئے تاہم یہ تمام حربے ناکام ہوئے ہیں۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر ، سیکریٹری خزانہ نور الحق بلوچ ، کنٹرول روم انچارج سیکریٹری کھیل عمران گچکی نے شرکت کی۔
اے پی پی/ محمد بلال/قرۃالعین











