وفاقی حکومت کا مبت۔ اقدام ، موجودہ حالات کے پیش نظرموبائل یوٹیلیٹی اسٹور سروس کا افتتاح

110

اسلام آباد، اپریل 10 (اے پی پی):کرونا وائرس کے پیش  نظر عوام کو  ریلیف کی فراہمی  کیلئے  وفاقی  حکومت نے   ایک  اور مثبت اقدام اٹھاتے  ہوئے وفاقی دارلحکومت  اسلام آباد میں  آٹھ وینز پر مشتمل موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز سروس کا افتتاخ  کر دیا، اس سروس کا دائرہ کاراگلے 2 ہفتوں تک ملک بھر  میں  پھیلایا جائے گا۔

جمعہ کو یہاں موبائل یوٹیلیٹی اسٹور سرویس کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ اس اقدام کے تحت آٹا، چینی، دالیں، گھی اور  دیگر اشیاء ضروریہ  سستے نرخوں پر گلی گلی فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے  بتایا کہ ایک وقت میں ایک موبائل اسٹور  میں دو سو خاندانوں کے لیے مہینے بھر کا راشن موجود ہو گا ۔ اس وقت عوام کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ضرورت کے مطابق سامان کی خریداری کرنی چاہیے تا کہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ موبائل اسٹور جس علاقے میں جائیں گے وہاں کی مساجد سے ان سے متعلق اعلانات کروائے جائیں گے تا کہ لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔

اسد عمر نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد عوام کو اشیاء ضروریہ کی ان کی  دہلیز پر  فراہمی  کو یقینی بنانا ہے ، عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ کورونا کے خلاف حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے گھروں تک محدود رہیں تا کہ اس وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

وفاقی وزیر  نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کی غرض سے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن  کیلئے 50 ارب کا پیکج منظور کیا گیا۔انہوں نے آگاہ کیا کہ  بلوچستان کے دور دراز کے اضلاع میں ہفتے میں دو دفعہ ایران سے ضروری سامان  آنے کی اجازت ہو گی اور اس سلسلے میں ضروری حفاظتی تدابیر کا خیال رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بندشوں اور لاک ڈاؤن میں کمی کا فیصلہ صوبوں اور وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

اس موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن  کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں  یوٹیلیٹی اسٹورز کی عوام تک رسائی کو بڑھانے کیلئے حکومت کی جانب سے موبائیل اسٹورز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے جو موجودہ حالات میں ایک اہم اقدام ہے۔پورے ملک میں چار ہزار یوٹیلٹی سٹورز ہیں جن پر عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں گی اس کے علاوہ مساجد اور اعلانات کے ذریعے عوام کو پیغامات پہنچائے جائیں گے۔

اے پی پی /سعیدہ/قرۃالعین