وزیر خارجہ کی کشمیر میں بھارتی جارحیت ،ریاستی مظالم کو اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر اجاگر کرنے کی ہدایت

133

اسلام آباد، 04 اپریل(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم  شاہ محمود قریشی  نے  اقوام متحدہ اور جنیوا میں تعینات مستقل مندوبین کو کشمیر میں بھارتی جارحیت اور اسکے ریاستی مظالم کو اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔

ہفتہ کو  ویڈیو لنک کے زریعے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوۓ   وزیر خارجہ کا کہنا تھا  کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بدستور جاری ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ  پاکستان کو اس وقت کئی چیلنجز کا سامنا ہے، ایک طرف پوری دنیا کے ساتھ ساتھ پاکستان بھی کرونا وبائی چیلنج سے نبرد آزما ہے تو دوسری طرف بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کررہا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس وبا کے نتیجے میں اموات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔

شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ اقوام عالم کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں محصور 80 لاکھ بے گناہ کشمیریوں کی حالت زار کی طرف مبذول کروانے اور انہیں بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے کوششوں میں تیزی لانا ہو گی۔ بھارت کیطرف سے مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کی تبدیلی کے دیرینہ خواب کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ڈومیسائل سے متعلقہ قواعد و ضوابط میں تبدیلی  بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ بھارتی جیلوں میں مقید، کشمیری رہنماؤں اور ہزاروں نوجوانوں کو کرونا وبائی حملے سے بچانے کیلئے، عالمی برادری انسانیت کے ناطے ان کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ عالمی وبائی چیلنج کے پیش نظر، وزیر اعظم عمران خان نے کم وسائل کے حامل، ترقی پذیر ممالک کو واجب الادا قرضوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کی تجویز دی ہے جسے مختلف بین الاقوامی فورمز پر زیر بحث لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مستقل مندوبین کو اس حوالے سے اپنی کاوشیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینیئر افسران اجلاس میں شریک تھے جبکہ نیو یارک میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوۓ۔

اے پی پی/حمزہ /قرۃالعین