وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرِ صدارت دیامر بھاشا ڈیم سے متعلق جائزہ اجلاس

118

اسلام آباد، 23اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدمات اسد عمر کی زیرِ صدارت دیامر بھاشا ڈیم سے متعلق جائزہ اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء کو منصوبے کی زمین کے حصول کے علاوہ تعمیراتی ٹھیکوں کے حوالے سے کیے جانے والے کاموں کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ واپڈا کے حکام نے شرکاء کو زمین کی خریداری، آباد کاری اور دیگر پہلوؤں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ یہ منصوبہ 6 بڑے حصوں میں منقسم ہے اور ہر حصے کے لئے علیحدہ علیحدہ ٹھیکے مشاورت کے بعد دیے جائیں گے۔

شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے قومی ضرورت کے منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا اور تمام اسٹیک ہولڈرز اس سلسلے میں واپڈا کو ضروری اعانت فراہم کریں گے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان، اور وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ نے وڈیو لنک کے توسط سے شرکت کی جبکہ وزارت منصوبہ بندی، توانائی اور واپڈا کے اعلٰی حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اے پی پی/ سعیدہ/قرۃالعین