چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

116

لاہور،01 اپریل (اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ گندم کی کٹائی کے پیش نظر زرعی آلات کی نقل و حرکت کی اجازت ہو گی۔سیمنٹ اور سوڈا ایش کی ترسیل کو بھی پابندی سے استثنیٰ حا صل ہوگا۔ چیف سیکرٹری نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے تعینات ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو پرسنل پروٹیکشن اکویپمنٹ کی فراہمی کیلئے کمیٹیاں بھی قائم کر دیں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اضلاع کی سطح پر قائم کی جانیوالی کمیٹی فوج اور ڈپٹی کمشنر کے نمائندہ، متعلقہ ہسپتال کے ایم ایس اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے سی ای او پر مشتمل ہوگی۔ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر پرسنل پروٹیکشن اکویپمنٹ کی دستیابی اور استعمال کی مانیٹرنگ کریگی۔

چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ ڈس انفیکشن گیٹس کی تیاری اگلے دو دن میں مکمل کر لی جائے۔جیلوں میں بیرکس کی ڈس انفیکشن کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ صوبے میں دکانیں صرف صبح نو سے پانچ بجے شام تک کھولنے سے متعلق حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ گرانفروشوں کیخلاف سخت کارراوئی عمل میں لائی جائے،گرانفروشی میں ملوث سٹوروں کو وارننگ کے بعد سیل کر دیا جائے۔

آئی جی پنجاب نے اجلاس کو بتایا کہ حکومتی احکامات کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کی رہائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ذخیرہ اندوزی اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کو رہا نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اے پی پی /لاہور /قرۃالعین