چین کی زونرجی کمپنی لمیٹڈ ،چائنہ مشینری انجنیرنگ کارپوریشن کا وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ کیلئے 50 لاکھ روپے کا عطیہ

100

اسلام آباد ، 8 اپریل (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان سے چین کی زونرجی کمپنی لمیٹڈ کے صدر رچرڈ جے گوو، نائب صدر کیون چیو اور چائنہ مشینری انجنیرنگ کارپوریشن کے جنرل منیجر لی کان نے بدھ  کو  یہاں ملاقات کی اور وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ کےلئے 50 لاکھ روپے کا عطیہ پیش کیا۔ انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو 30 لاکھ روپے مالیت کا طبی سامان بھی عطیہ کیا جس میں 30 ہزار ماسک، ایک سو این 95 ماسک اور 300 حفاظتی سوٹس شامل ہیں۔

چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے جنرل منیجر لی کان نے وزیراعظم کو چین میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کےلئے جدید اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان کو بھی کپاس کی پیداوار میں اضافہ کےلئے ٹیکنالوجی کے لحاظ سے معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ اس موقع پر زونرجی کے صدر نے پاکستان کے قابل تجدید توانائی کے شعبے بالخصوص سولر پینلز کی تیاری کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاریوں میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کی معاونت کےلئے فراخدلی کا مظاہرہ کرنے پر دونوں کمپنیوں کی ستائش بھی کی۔

این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اے پی پی /ڈیسک/حامد