مظفرآباد،08 اپریل (اے پی پی):وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان کی زیر صدارت آج علماء کرام کا مشاورتی اجلا س منعقد ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام نے شرکت کی۔اجلاس میں علماء کرام نے کورونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم آزادکشمیر کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اس موذی وبا کی وجہ سے خانہ کعبہ کا طواف رک گیا،مسجد نبوی کے دروازے مقفل ہو گئے ہیں ، اللہ رب العزت کی مدد اور تائید کے بغیر ہم اس آزمائش سے نہیں نمٹ سکتے۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام قوم کی راہنمائی فرمائیں، نہ مساجد کو بند کرنا چاہتے ہیں نا ہی کوئی ایسا اقدام کے جو اسلامی شعائر سے متصادم ہو جبکہ احتیاطی تدابیر پر عمل ناگزیر ہے۔علماء کرام کورونا کی وبا کے پیش نظر لوگوں سے نمازیں گھروں میں ادا کرنے کی اپیل کریں، باجماعت نماز کے لیے وضع کیے گئی ہدایات پر عملدرآمد میں ہمارا ہاتھ بٹائیں۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزادکشمیر بھر میں علماء کرام نے جس طرح ان خصوصی حالات میں ہمارا ساتھ دیا اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، موجودہ حالات میں حکومت کی جانب سے اٹھاے گئے اقدامات اور لاک ڈاون پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔
اس موقع پر علما کرام نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے یوم استغفار منانے اور خصوصی دعایہ تقاریب کا انعقاد احسن اقدام ہے۔
اے پی پی/cdr /حامد











