کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیکر پارلیمانی ٹاسک فورس قائم کی جا رہی ہے؛ وزیراعلیٰ بلوچستان

112

کوئٹہ، 04 اپریل(اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نےبلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکند ر خان ایڈوکیٹ سے  ہفتہ کو  یہاں ملاقات کی،ملاقات میں کورونا وائرس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان  نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیکر پارلیمانی ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ،حکومت او ر اپوزیشن مشکل کی اس گھڑی میں عوام کی خدمت کے لئے ایک پیج پر ہیں، ڈاکٹروں کو کٹس کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔

انہوں نے  کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحقین کو چار ماہ کی امدادی رقم فراہم کی جارہی ہے    ،اپوزیشن اور حکومت ملکر کورونا کے چیلنج کا سامنا کرینگے ،کوروناایک ایسی وباءہے جسکے سامنے طاقتور ترین ممالک بے بس ہو گئے ،ہمیں اپنی کمی کو پورا کرنے کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی ۔

    اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے یہ فورس عوام اور ضرورت مندوں کے حقوق کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن اراکین وسائل کو شفاف طریقے سے صرف کرنے میں مدد کریں گے ۔

ملاقات میں اپوزیشن اراکین اسمبلی نواب اسلم خان رئیسانی  ،ملک نصیر شاہوانی ، اختر حسین لانگو، سید فضل آغا ، اصغر علی ترین ،احمد نواز بلوچ بھی موجود تھے۔

اے پی پی /کوئٹہ/حامد