اجمل وزیر کا صحافی فخر الدین سید کے لواحقین کے لئے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان

168

 

پشاور، 28مئی(اے پی پی): صوبائی مشیر اطلاعات اجمل خان وزیر نے سینئر صحافی فخر الدین سید کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینئر صحافی فخرالدین سید نے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر  لڑکر جان کی بازی ہاری ہے ،ان کی وفات سے صوبہ ایک قابل صحافی سے محروم ہوگیا ہے۔صحافت کے لئے فخرالدین سید کی گراں قدر خدمات  ہیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیگی۔وزیراعلی محمود خان نے انکے لواحقین کے لئے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے اور محکمہ اطلاعات کو 10 لاکھ روپے فخرالدین سید کے لواحقین کو جلد ازجلد دینے کی ہدایت کی ہے۔

ان خیالات  کا اظہار  صوبائی مشیر اطلاعات نےسول سیکرٹریٹ اطلاع سیل میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فخرالدین سید کے لواحقین دکھ کی اس گھڑی میں اپنے آپکو اکیلا نہ سمجھیں،صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں انکے ساتھ ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ صحافی برادری فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ حکومت صحافیوں کی ہر ممکن مدد کریگی،صحافیوں نے ہمیشہ مشکل صورتحال میں حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ موجودہ صورتحال میں کورونا کے حوالے سے عوام میں شعور پیدا کرنے کے حوالے سے میڈیا اہم کردار ادا کررہا ہے۔

کورونا کے حوالے سے مشیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ریکوری ریٹ ملک کے دیگر صوبوں سے سب سے زیادہ ہے جو 31 فیصد ہے۔ صوبے میں کورونا کے 200 آئسولیشن وارڈ قائم ہیں جن میں 5598 بستروں کی گنجائش ہیں۔ صوبے میں 359 قرنطینہ مراکز قائم ہیں اور 550 سے زائد وینٹی لیٹرز کورونا مریضوں کے لئے مخصوص ہیں۔

اجمل وزیر نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی کہ سماجی فاصلے سمیت دیگر حفاظتی انتظامات پر من و عن عمل کرکے ذمہ دار شہری ہونے  کا ثبوت دیں، کیونکہ اس وقت کورونا کا علاج صرف اور صرف احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے۔

 مشیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ نے عمران خان کی شکل میں پاکستان کو ایک لیڈر عطا کیا ہے جو ہمیشہ قوم کا سوچتے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ لیڈر اور ڈیلر میں فرق ہوتا ہے  عمران خان ایک لیڈر ہے جو ہمیشہ فرنٹ سے لیڈ کرتا ہے، اس سے پہلے ڈیلر تھے جنہوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان  کے وژن کے مطابق وزیراعلی خیبر پختونخوا خود فرنٹ پر موجود ہیں،  وزیراعلی محمود خان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ہسپتالوں اور قرنطینہ مراکز کے دورے کررہے ہیں کیونکہ ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عوام کی جان کی  فکر ہے۔