تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ لاک ڈاﺅن میں ایس او پیز کے تحت سندھ میں تجارتی مراکز کھولے جائیں

114

کراچی، 10مئی (اے پی پی):سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ لاک ڈاﺅن میں ایس او پیز کے تحت سندھ میں تجارتی مراکز کھولے جائیں، سندھ میں لاک ڈاﺅن کے دوران ایریگیشن کے اربوں کے ٹینڈر جاری کئے گئے ہیں،کراچی سے تھر تک پوری سندھ کی عوام پانی کی بوند بوند کے لئے ترس رہی ہے۔

 اتوار کو یہاں  انصاف ہاﺅس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں کاروبار ایس او پیز کے تحت کھولا جائے اورکراچی کے پارکس کو بھی ایس او پی کے تحت ورزش کے لیے کھول دیا جائے۔کراچی سے لیکر پورے سندھ میں صحت کی سہولیات ناپید ہوچکی ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلی سندھ عوام میں خوف پھیلا رہے ہیں اور عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آرہے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےرکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سعید آفریدی نے کہا  کہ سندھ حکومت اپنی کارکردگی پر توجہ دے جبکہ پی ٹی آئی رہنما جنید لاکھانی نے کہا سندھ کے مختلف اضلاع میں ہم نے راشن تقسیم کیا، تھرپارکر میں آر او پلانٹس خراب ہیں، لوگوں کے پاس پینے کا پانی موجود نہیں اور نا ہی لوگوں کے پاس کھانے کے لیے راشن  ہے۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈان کی وجہ سے لوگ باہر نہیں نکل رہے ہیں۔

اے پی پی /کراچی/قرۃالعین