پوری قوم کو مل کر کرونا وائرس سے پیدا مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنا ہو گا؛معروف ماڈل بہیشا عباس

133

کراچی،10مئی(اے پی پی):معروف ماڈل بہیشا عباس  نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے پیدا مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں ایک قوم کی طرح مل کر چلنا ہے اور اس مشکل پر قابو پانا ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار بہیشا عباس نے کے ایم سی کے زیر اہتمام چلنے والے ہسپتالوں اور ڈاکٹروں میں پروٹیکشن سوٹس ، سینیٹائیزرز ، جان بچانے والی ادویات اور دیگر سامان تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

بہیشا عباس کا کہنا تھا کہ ہم میڈیا سے تعلق رکھتے ہیں اور ہم بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں، آج ہم اپنے فرنٹ لائن سولجرز کو خراج تحسین پیش کر نے کے لئے یہاں آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروٹیکشن سوٹس اور دیگر سامان، ان ڈاکٹرز کی کاوشوں کا بدل تو نہیں ہیں مگر یہ ان کی اس وبائی صورتحال سے نمٹنے میں کچھ مدد گار ثابت ہو گا۔

اس موقع پر میئر کراچی نے بہیشا عباس اور اُنکی ٹیم کی ان کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ آپ نے ایک مثال قائم کی ہے جسے دیکھتے ہوئے دیگر مخیرلوگ بھی آگے آئینگے، اُنکا مزید کہنا تھا کہ حکومت تمام ضروریات پوری نہیں کر سکتی، پرائیویٹ سیکٹر سے بھی لوگوں کو آگے آنا چاہیے۔

 تقریب میں میڈیکل ڈائیریکٹر کے ایم سی ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ COVID-19 سے لڑنے کے لیے ہمیں ایکیوپمنٹ کی ضرورت تھی تو ہم نے دخواست کی تھی جس پر بہشا اور اُنکی ٹیم نے ہم سے بھر پور تعاون کیا ہے۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر سمیت کے ایم سی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس اسٹاف سے وابستہ افراد  بھی موجود تھے۔

اے پی پی /کراچی/قرۃالعین