سیکرٹری اریگیشن پنجاب زاہد اختر زمان کا دورہ چنیوٹ،احساس پروگرام ،انسداد کورونا، انسداد ڈینگی، پرائس کنٹرول ، گندم خریداری مہم کا جائزہ

140

چنیوٹ،07 مئی(اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پرسیکرٹری اریگیشن پنجاب زاہد اختر زمان نے چنیوٹ کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر آفس چنیوٹ میں احساس کفالت پروگرام ، انسداد ڈینگی،انسداد کورونا ،گندم خریداری مہم ، پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔

 ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے سیکرٹری انہار کو ضلع میں انسداد ڈینگی و کورونا کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے انسدادی انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے موثر ترین اقدامات جاری ہیں ، انہوں نے گندم خریداری مہم کے سلسلے اب تک خریدی جانے والی گندم جبکہ رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول میکنزم پر عمل درآمد کی صورتحال سے بھی آگاہ کی۔

صوبائی سیکرٹری اریگیشن نے کورونا وائرس کے خدشات کے خاتمہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا اورکہا کہ اس وباء سے بچاؤکیلئے محکمہ صحت کے ایس اوپیز پر عملدرآمدکو یقینی بنایاجائے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طارق خان نیازی ، اسسٹنٹ کمشنرز عائشہ یٰسین ، فضل عباس ، سید منور بخاری ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف ،ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر طاہر خلیل،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر تنویر احمد ، ای اے ڈی اے جاوید اقبال ، ڈی او انڈسٹری دانش طاہر کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

 بعد ازاں سیکرٹری اریگیشن پنجاب زاہد اختر زمان نے گندم خریداری سنٹرز کا دورہ کر کے باردانہ کی تقسیم اور خریدی جانے والی گندم کو محفوظ کرنے کے عمل کا جائزہ لیا ،انہوں نے سنٹرز پر کسانوں کے لئے کئے جانے والے اقدامات چیک کئے اور کہا کہ گندم کی خریداری کا سو فیصد ٹارگٹ حاصل ہونا چاہیے،اس موقع پر محکمہ خوارک کے آفیسر نے ضلع کے 5 خریداری سنٹرز کے انتظامات اور باردانہ کی تقسیم وگندم کی خرید کے ریکارڈ سے آگاہ کیا،سیکرٹری اریگیشن پنجاب نے مختلف علاقوں میں میگا سٹورز کا بھی دورہ کیا اور وہاں ڈی سی کاؤنٹرز پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کو چیک کرتے ہوئے رمضان المبارک میں صارفین کو اشیاء خورونوش سرکاری نرخوں پر فراہم کرنے کے اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول میکنزم پر حکومتی ہدایات کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اس ضمن میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی ذمہ داریاں نبھائیں ۔

قبل ازیں سیکرٹری اریگیشن پنجاب نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں آئسولیشن وارڈ اور فاسٹ یونیورسٹی قرنطینہ سنٹر میں انتظامات و سہولیات کا جائزہ لیا۔

دورہ کے آخر میں سیکرٹری اریگیشن پنجاب زاہد اختر زمان نے ڈپٹی کمشنر محمد ریاض کے ہمراہ چنیوٹ کے حفاظتی بند کا بھی دورہ کیا،اس موقع پر محکمہ انہار کے افسران نے سیکرٹری اریگیشن پنجاب زاہد اختر زمان کو حفاظتی بند کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

اے پی پی /ایم ایم علی/حامد