بورے والا،27 مئی (اے پی پی):ریسکیو 1122 نے عید کے تین روز میں ٹریفک کے101حادثات میں زخمی ہونے والے 143 افراد کو ریسکیو کیا،مختلف بیماریوں کے 110 ایمرجنسی کیسسز کو ہسپتالوں میں شفٹ کیا،آتشزدگی کے9واقعات میں بروقت امدادی کارروائی کی جبکہ دو افراد ٹریفک حادثات جبکہ دو افراد ڈوب کر جان بحق ہوئے۔
ڈسٹرکٹ ریسکیو ایمرجنسی آفیسر دانش خلیل کی جانب سے عید کے تین دنوں میں ریسکیو 1122 کی امدادی کاروائیوں بارے اعدادو شمار جاری کردیئے جسکے مطابق ضلع بھر میں ٹریفک کے کل 101 حادثات رونما ہوئے جن میں 143 افراد کو بروقت ریسکیو کر کے 17 افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ دو افراد جاں کی بازی ہار گئے اور دیگر زخمی افراد کو مختلف ہسپتالوں میں شفٹ کیا گیا۔
اسی طرح ڈوبنے کے دو واقعات میں دو افراد جان سے گئے انکی نعشوں کو امدادی کاروائیوں کے ذریعے نکالا گیا،آتشزدگی کے 9 واقعات میں بروقت امدادی کاروائیاں کر کے آگ پر قابو پایا گیا جن میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ،دل کے امراض سمیت مختلف بیماریوں کے 110 مریضوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر دانش خلیل نے شہریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سخت گرمی اور کورونا وائرس سے بچاو کے لئے غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنا چاہیئے، انتہائی مجبوری کی صورت میں سفر کریں اور گھروں میں رہ کر خود بھی اور دوسروں کو بھی محفوظ بنائیں ریسکیو1122 کے جوان 24 گھنٹے اپنے شہریوں کی حفاظت کے لئے تیار ہیں۔
وی این ایس، بورے والا











