مسئلہ کشمر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جلد حل ہو گا؛سفرا رضوان سعدم شخر

750

جدہ،18 مئی(اے پی پی): او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب   سفیر  رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حل ہوگا، وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان جرنلسٹس فورم کی جانب سے اسلامی تعاون تنظیم اور پاکستان ماضی، حال اور مستقبل کے حوالے سے  آن لائن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، آن لائن  کانفرنس  میں جدہ سے سینئر صحافیوں کے علاوہ  مشہور  صحافی  سراج وہاب، کراچی سے نوائے وقت کے ریذیڈنٹ   ایڈیٹر  امین یوسف،  دنیا نیوز  کراچی سے مصطفیٰ حبیب  اور پاک میڈیا فورم ریاض کے چئیرمین  الیاس رحیم  کے علاوہ جموں و کشمیر کمیونٹی کے عہدیداران بھی شامل تھے۔

سفیر  رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بھارت  نے  مقبوضہ کشمیر میں جو موجودہ اقدامات کئے ہیں وہ نا صرف اقوام

متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ کشمیر کی خودارادیت پر کھلاحملہ ہے جس سے  بھارت  کا مکروہ چہرہ سب کے سامنے آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) پچھلے پچاس سالوں سے کشمیریوں کی آواز ہے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں کوشاں ہے۔

رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ کشمیر کا نہ پہلے  عسکری حل تھا اور نا اب ہے، اس کا حل سیاسی اور سفارتی طریقوں سے ہی ممکن ہے، اگر عسکری حل ہوتا تو بھارت کشمیر میں نو لاکھ فوجی ہونے کے باوجود بھی اس طرح شکست زدہ  نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں گھبراہٹ کا شکار ہے اوراسی گھبراہٹ میں وہ غیر قانونی اقدامات کر رہا ہے جس کی اجازت نہ اقوام متحدہ دیتا ہے ، نہ اسلامی تعاون تنظیم اورنہ ہی کشمیر کی عوام۔

انکا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کا ایک ہی مطالبہ ہےکہ  انہیں فیصلہ خود کرنے دیا جائے، برہان وانی کی تحریک ہو یا ریاض نائیکو یا پھر کشمیری مجاہدین کی، سب کی ایک ہی آواز ہے کشمیر بنے گا پاکستان۔

ایک سوال کے جواب میں رضوان شیخ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا  لائن آف کنٹرول پار نا کرنے کا فیصلہ، ایک دانشمندانہ  اقدام تھا،لائن۔آف کنٹرول پار کرنے سے بھارت جو مقبوضہ کشمیر میں فوج لئے بیٹھا ہے  فائرنگ کرتا ، جس کے جواب میں ہم فائرنگ نہیں کرسکتے تھے  کیونکہ دوسری طرف بھی  ہمارے لوگ یعنی مقبوضہ کشمیر کے عوام تھے۔

  کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان جرنلسٹس فورم ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو پاکستان اور سعودیہ کے تعلقات میں بہتری کے لئے کوشاں ہے اور اس عمل کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے.انہوں نے کہا کہ آپ لوگ  عوام تک صحیح صورتحال پہنچاتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سعید شیخ کا کہنا تھا کہ اسلامی تعاون تنظیم کی بدولت مسلم ممالک میں تجارت کا فروغ بھی بڑھا ہے جس کی مثال ترکی ہے، پہلے ترکی کی تجارت کامحور یورپ تھا مگر پچھلے پانچ سالوں سے ترکی نے اسلامی ممالک کے ساتھ تجارت کو بڑھایا ہے اور ایسے اقدامات مسلم ممالک کو کرنے چاہئیں۔

او آئی سی کی کارکردگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں رضوان شیخ نے کہا کہ  کسی بھی تنظیم کے فعال ہونے کی بنیاد  اسکے ممبران کی رائے  ہوتی ہے،   ادارہ  خود کچھ نہیں کرسکتا جب تک  اسکے ممبران کوئی فیصلہ نہ کریں۔