مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر کی قوم کو عید الفطر  کی مبارکباد

115

پشاور، 24مئی(اے پی پی): مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے حکومت خیبر پختونخوا کی طرف سے پوری قوم کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا کورونا وباء اور طیارہ حادثے میں شہید  ہونے والوں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اسی تناظر میں قوم سے التماس ہے کہ اس عید کو سادگی سے منائیں۔

اجمل وزیر نے اطلاعات سیل میں میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کرونا وبا اور طیارہ حادثے کے شہدا کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہیں، اللہ تعالی  تمام بیماروں کو شفاء کاملہ نصیب فرمائے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تمام  ڈاکٹرز، طبی عملہ اور  تمام متعلقہ اداروں کو خراج تحسین اور خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اس موقع پر افواج پاکستان کو بھی خصوصی  مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

اجمل وزیر نے عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی وضع کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور غریب ونادار لوگوں کا خیال رکھتے  ہوئے انکو اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔

 وی این ایس، پشاور