میرپورخاص: خصوصی افراد میں نئے کپڑے اور کیش عیدی تقسیم

167

 

میرپورخاص ،20 مئی (اے پی پی ): دستگیری ویلفیئر آرگنائزیشن کی طرف سے پچاس خصوصی افراد میں نئے کپڑوں کے جوڑے اور تین تین ہزار روپے کیش عیدی کی   تقسیم کے لیے  تقریب کا انعقاد  کیا گیا۔ اس موقع پر پچاس  قوت بینائی، قوت سماعت اور گویائی سے محروم  سمیت ہاتھ پاؤں سے معزور50 مرد  اور خواتین  میں تین  تین ہزار روپے کیش اور ایک ایک جوڑا بطور عیدی دیا گیا۔

تقریب میں مہمان خصوصی  بانی دستگیری ویلفیئر ایسو سی ایشن سید فخر عالم شاہ کے نواسے منصور ناصر تھے جبکہ مرکزی صدر دستگیری ویلفیئر  آرگنائزیشن محمود صابری اور  وائس چیئرمین دستگیری ویلفیئر آرگنائزیشن محمد آصف خان بھی موجود تھے۔

 تقریب سے خطاب میں دستگیری ویلفیئر آرگنائزیشن کے مرکزی صدر محمود صابری نے کہا کہ ان لوگوں  کی خدمت میں جو روحانی سکون ملتا ہے  اسکا کوئی نعم البدل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی اپنے خصوصی بہن بھائیوں میں عیدی تقسیم کی گئی۔ انہوں نے مزید  بتایا کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ 4300 خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جا چکا ہے جبکہ 300 راشن کے بیگز رمضان پیکیج کے زریعے ضرورتمندوں میں الگ سے تقسیم کیے  گئے ہیں۔ انہوں نے کہا  اس  رمضان میں عید پیکیج بھی ضرورتمندوں میں ہی تقسیم کر رہے ہیں۔