وزیراعظم عمران خان سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں کی ملاقات،کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے وزیراعظم  کے وژن کی تعریف کی

141

اسلام آباد ،13 مئی (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں نے بدھ کو یہاں وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی رائے مرتضیٰ اقبال، حاجی امتیاز احمد، رکن صوبائی اسمبلی سید صمصام علی شاہ بخاری اور سابق اراکین قومی اسمبلی چوہدری اعجاز احمد اور رائے حسن نواز شامل ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی تعریف کی اور لاک ڈاﺅن کی مناسب اور متوازن حکمت عملی کی بدولت عوام بالخصوص غریب اور مزدور طبقے کی مشکلات میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ ان کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی اقدامات پر وزیراعظم کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔

ممبران نے اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعظم کو آگاہ کیا اور تجاویز پیش کیں۔ ملاقات میں زرعی شعبے کی ترقی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے پارلیمنٹیرینز کو عوام سے مستقل رابطے میں رہنے اور ان کے مسائل فوری حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمینٹیرینز اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دیں۔

 وزیراعظم نے ممبران کو ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور عوام کو اشیائے خوردونوش کی دستیابی کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی ہدایات دیں۔

اے پی پی /ڈیسک/حامد