آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کوئٹہ کا دورہ، سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں بریفنگ میں شرکت کی

196

راولپنڈی ،13 مئی (اے پی پی): پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کو کوئٹہ کا دورہ کیا۔ سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں بریفنگ میں شرکت کی اور کوویڈ 19 کے لئے گیریژن قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجیوں سے بات چیت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہیڈکوارٹر سدرن کمانڈ کے دورے کے موقع پر سیکیورٹی کی صورتحال، پاک افغان اور پاک ایران سرحدوں کے ساتھ باڑ لگانے سمیت حفاظتی صورتحال اور سرحدی انتظام اور آپریشنل تیاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف کو وبائی مرض سے لڑنے کے لئے سول انتظامیہ سے تعاون اور اس علاقے کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے جاری اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

 گیریژن قرنطینہ سینٹر کے دورے کے دوران پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے صحت کے ایس او پیز اور گائیڈ لائن کے مطابق انتظامات اور سہولیات کی فراہمی کو سراہا۔ افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور ہمارا فرض ہے کہ پرامن اور خوشحال بلوچستان کے لئے حکومت اور عوام کی مکمل مدد کریں۔

 پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام کمانڈرز کو بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں لوگوں تک پہنچنے کی ہدایت دی تاکہ کوویڈ 19کی وجہ سے عوام کو درپیش چیلنجوں کو کم کرنے میں مدد مل سکے۔ قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پر آرمی چیف کا کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے استقبال کیا۔

اے پی پی /بلال/حامد