وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار کی ملاقات، ٹائیگر فورس متحرک کئے جانے کے بعد پہلی رپورٹ پیش کی

168

اسلام آباد ، 11 مئی (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے پیر کو یہاں ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو ٹائیگر فورس متحرک کئے جانے کے بعد پہلی رپورٹ پیش کی۔

 وزیر اعظم آفس  میں ہونی والی ملاقات میں عثمان ڈار نے صوبائی حکومتوں کے تعاون اور اعدادو شمار پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ رجسٹرڈ نوجوان محنت اور لگن کے ساتھ دی گئی ذمہ داریوں کو نبھا رہے ہیں، یونین کونسل کی سطح پر ٹائیگر فورس کی جانب سے بے روزگار افراد کی رجسٹریشن میں بھی مدد ملی۔

 انہوں نے بتایا کہ صوبوں سے موصول ہونے والی رپورٹس تسلی بخش اور حوصلہ افزاء ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے عدم تعاون کی رپورٹ بھی وزیراعظم کو پیش کی اور بتایا کہ سندھ میں ایک لاکھ 54 ہزار نوجوان رجسٹرڈ ہیں لیکن حکومت تعاون نہیں کر رہی۔

 وزیراعظم نے ٹائیگر فورس سے متعلق رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے معاون خصوصی کو صوبائی سطح پر کوآرڈینیشن جاری رکھنے کی ہدایت کی اور بتایا کہ وہ کل تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ملک بھر میں مرحلہ وار متحرک کرنے کا عمل بھی جاری رکھا جائے۔ سندھ میں رجسٹرڈ نوجوانوں سے متعلق اہم فیصلہ ایک دو روز میں متوقع ہے۔

اے پی پی /ڈیسک/حامد