بزنس ہاؤس ایڈوائزری کمیٹی کا قومی اسمبلی کے   اجلاس کو 15مئی تک  جاری رکھنے پر اتفاق

725

اسلام آباد، 11مئی (اے پی پی):بزنس ہاؤس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس  ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی زیر  صدارت  پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس  میں منعقد ہوا۔اجلاس میں قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کے ایجنڈا اور دورانیہ پر تبادلہ خیال سمیت قومی اسمبلی کے   اجلاس کو 15مئی تک  جاری رکھنے پر اتفاق  کیاگیا اور فیصلہ کیا گیا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ایک دن کے وقفے کے بعد منعقد ہو گا۔

کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس میں عالمی وبا کورونا وائرس  کے پھیلاؤکے روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات  اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بحث کی جائے گی جبکہ اس کے علاوہ کوئی اور ایجنڈا نہیں لیا جائے گا۔کمیٹی نے تمام اراکان اسمبلی کو اجلاس میں شرکت سے پہلے کورونا ٹیسٹ کروانے کا بھی  کہا ۔

اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری  سمیت  وفاقی وزراء مخدوم شاہ محمود قریشی ، اسد عمر،  غلام سرور خان ،ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ،  وزیر مملکت  برائے پارلیمانی امور علی محمد خان،  پارلیمانی امور پر وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر ظہیر الدین بابر اعوان ، ممبران قومی اسمبلی ؛ ملک عامر ڈوگر ،غوث بخش خان مہر، اسلم بھوتانی ،خالد حسین مگسی ، نوابزادہ شاہ زین بگٹی ،  مرتضیٰ جاوید عباسی ،  چوہدری برجیس طاہر خرم دستگیر خان ،میاں ریاض حسین پیرزادہ، چوہدری حامد حمید ،  سید نوید قمر ، سید غلام مصطفٰی شاہ اور شازیہ مری نے  شرکت کی۔

اے پی پی /صائمہ ملک/قرۃالعین