لاہور،29مئی (اے پی پی) :وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔اجلاس میں ٹڈی دل کے تدارک کے لئے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب نے ٹڈی دل کے خاتمے کی مہم کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کردیا ۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں ٹڈی دل کی سرویلنس کیلئے ہیلی کاپٹر کو استعمال میں لایاجاسکےگا جبکہ محکمہ زراعت اورپی ڈی ایم اے حکام کو ہیلی کاپٹراستعمال میں لانے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں ۔اس کے علاوہ متعلقہ محکموں اوراداروں کو بھی ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے 24گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جون اورجولائی میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے کے حوالے سے پیشگی تیاریاں کی جائیں، اینٹی ٹڈی دل سکواڈ کو میدان میں اتاردیاگیاہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹڈی دل سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل کے غیر معمولی پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہرممکن اقدام کیا جائے۔ پنجاب حکومت نے ٹڈی دل کے خاتمے اورفصلوں کو بچانے کیلئے ایک ارب روپے کے وسائل فراہم کیے ہیں جبکہ وفاقی حکومت کے تعاون سے فضائی سپرے بھی کیا جارہا ہے۔جامع لائن آف ایکشن کے ذریعے ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے تسلسل کیساتھ اقدامات جاری رکھے جائیں۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ میں نے خود راجن پوراوربھکر کے دورے کر کے صورتحال کا جائزہ لیا ہے،تین لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر سپرے کیاجاچکا
ہے اور 17متاثرہ اضلاع میں ٹڈی دل کی موثر نگرانی کا عمل جاری ہے جبکہ اینٹی ٹڈل دل سکواڈکی گاڑیاں متاثرہ علاقوں میں سپرے کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے عوام خصوصاً کسانوں کو آگاہ رکھاجائے۔ کورونا کے ساتھ ٹڈی دل کے چیلنج سے بھی عزم اورجامع حکمت عملی کے ساتھ نمٹ رہے ہیں ،ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس جمع کرائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ دیگر صوبوں کے ساتھ مشاورت کی جائے اورایک دوسرے کے تجربے شیئر کیے جائیں۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری زراعت،سیکرٹری اطلاعات،ڈی جی پی ڈی ایم اے اورمتعلقہ حکام نے
شرکت کی ۔











