لاہور،29مئی(اے پی پی): سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت محکمہ خوراک کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری خوراک و ڈائریکٹرخوراک نے وزیر خوراک عبدالعلیم خان کو تفصیلی بریفنگ دی ۔
اجلاس میں گفتگو کرتے عبدالعلیم خان نے کہا کہ گندم کے سرکاری ذخائر مجموعی طور پر 43لاکھ میٹرک ٹن کے لگ بھگ پہنچ گئےہیں، اب سرکاری سطح پر گندم کی خرید روک کر پرائیویٹ فلور ملز کو زیادہ موقع دینگے جبکہ امسال گندم خریداری میں تاریخی کامیابی ہوئی ۔
وزیر خوراک نے پنجاب میں گندم کی سرکاری خرید مزید نہ کرنے کی سمری وزیر اعلیٰ کو بھجوانے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبے بھر کے بارڈر سیل رہیں گے، گندم کی قیمت نیچے آسکتی ہے،محکمہ خوراک گندم خرید میں فلور ملز اور پرائیویٹ سیڈ کمپنیوں کو مدد دے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن گندم خرید کا 90فیصد ہدف پورا کر چکا ہے۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے سیکرٹری خوراک کو فلور ملز ایسوسی ایشن سے کل مذاکرات کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمہ خوراک اور فلور ملز کی مشاورت سے آٹے کی نئی قیمت کا تعین ضلعی انتظامیہ کریگی۔











