پشین کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کی یلغار، کھڑی فصلوں اور سبزیوں کو شدید نقصان پہنچا

201

پشین،16مئی( اے پی پی): تحصیل برشور کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کی ایک بار پھر یلغار سے لاکھوں روپے کے گندم ،جو، پیاز سمیت دیگر  کھڑی فصلوں اور سبزیوں کو شدید نقصان پہنچا،ٹڈی کے یلغار سے نہ صرف زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہواہے بلکہ قدرتی چراگاہوں اور جنگلات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

 تحصیل  برشور کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کی آفزائش نسل میں بتدریج اور روز آفزوں اضافہ ہورہا ہے، برشور اور ملحقہ علاقوں کے درجنوں مقامات پر ان ٹڈی دل نے لاکھوں کی تعداد میں انڈے دیکر علاقے کی زرعی اجناس کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

 زمنیدار نصیب اللہ کلیوال کاکڑ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اگر ٹڈی دل کے خلاف اسپرے نہ کیا گیا تو علاقے کے تمام باغات اور کھڑی فصلیں مکمل تباہ ہونے کا خدشہ ہے، علاقے کے زمنیداروں نے کہاکہ سال بھر کی محنت کے ضیاع ہونے کا خدشہ ہے۔

 انہوں نے حکومت بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان ، صوبائی وزیر زراعت، ضلعی اتظامیہ اور محکمہ زراعت کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے ہیوی مشینری اور جہاز کے ذریعے اسپرے کرکے اہل علاقہ کے سالوں کی محنت  کو ٹڈی دل سے محفوظ بنایا جائے۔

اے پی پی /روح اللہ کاکڑ /حامد