ڈپٹی چئرمین سینیٹ کی زیر صدارت سینیٹ کا ویڈیو لنک کے ذریعے غیر رسمی اجلاس

163

اسلام آباد، ۳۰ اپریل (اے پی پی): ڈپٹی چئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی صدارت  سینیٹ  کاویڈیو لنک کے ذریعے غیر رسمی اجلاس  منعقد ہوا۔ اجلاس میں کرو نا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل، ایوان بالا کے اجلاس اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا و اراکین سینیٹ نے عوام سے  اپیل کی کہ عوام کرو نا پر قابو پانے کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ سینیٹ اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے ویڈیو کانفرنسنگ کی استعداد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صحت کے شعبے کے عملے، ڈاکٹروں، نرسز ، سیکیورٹی اہلکار وں، پی آئی اے کے پائلٹوں اور ان تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جو اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ موجودہ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہو گا۔ کرو نا وبا کے باعث غیر معمولی صورت حال کا سامنا ہے۔ تمام صورتحال پر سیر حاصل بحث ہونی چاہئے  جس سے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرنے میں مدد ملے گی۔ کرو نا وبا کا پوری قوم نےکو مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ ایوان بالا اپنا موثر کردار ادا کرتا رہے گا۔

اراکین سینیٹ نے کہا کہ قواعد وضوابط اور اس ویڈیو کانفرنس کی روشنی میں سینیٹ اجلاس بلانے کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اراکین نے اس ویڈیو کانفرنس کو انتہائ خوش آئند قرار دیا۔

 سینیٹر  میاں عتیق شیخ نے کہا کہ یہ اہم فورم ہے،بہت سے معاملات ہیں جن کا جائزہ لینا ضروری ہے ۔

کرو نا وبا کے باعث غیر معمولی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ طبی عملے کو تحفظ چا ہئے انکی بے چینی کو دور کیا جاۓ۔

اجلاس میں سینیٹر مشاہد حسین سید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی چئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے اچھا اقدام اٹھایاہے۔ ایسا پلیٹ فارم ضروری تھا۔  کرونا کا پھیلاؤ باعث تشویش ہے ۔ ڈاکٹروں اور طبی عملے کو تحفظ فراہم کیا جاۓ۔

اجلاس میں سینیٹر حاصل بزنجو نے  کہا کہ  میں اس اقدام کی تعریف  کرتا ہوں حالات کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔

آج کےاجلاس میں  سینیٹر ز مشاہد حسین سید، فیصل جاوید، رخسانہ زبیری، عثمان کاکڑ، رانا مقبول ، میاں عتیق شیخ، امام دین شوقین، سراج الحق، ولید اقبال ، مہر تاج روغانی، حاصل بزنجو ، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ صلاح الدین ترمزی، پرویز رشید ، ڈاکٹر آصف کرمانی ، سکندر مندھرو، کلثوم پروین، ذیشان خانزادہ، غوث محمد نیازی ، مولانا عبدالغفور حیدری اور ستارہ ایاز  نے شرکت کی۔

سحر،فاروق