کراچی طیارا حادثہ پر پوری صوبائی حکومت دکھی ہے: اجمل وزیر

141

 

پشاور، 23مئی(اے پی پی): صوبائی مشیر اطلاعات اجمل خان وزیر نے کراچی طیارا حادثے پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحہ پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ حادثے میں شہید ہونے والے تمام افراد کے بلند درجات اور لواحقین کے لئے دعا گو ہیں۔

 اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پہلے ہی کورونا کی وجہ سے عید سادگی کیساتھ منانے کی ہدایت کی  تھی ،اب طیارہ حادثے کی وجہ سے یقینا سانحہ میں شہید ہونے والوں کی یاد میں عید انتہائی سادگی کیساتھ منائی جائیگی۔ حکومتی سطح پر عید کے موقع پر کوئی سرکاری اجتماعات منعقد  نہیں کیے جائیں گے، لیکن عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ اس عید پر غیر ضروری اجتماعات سے پرہیز کریں اور گھروں پر رہیں۔

کورونا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ اپنے اور اپنے پیاروں کی خاطر احتیاط کریں کیونکہ یہ بیماری کسی کے پیچھے گھر نہیں آتی جب تک آپ خود باہر جاکر اسے گھر نہیں لاتے۔  صوبائی حکومت نے کورونا کے  لئے ہیلپ لائن نمبر 1700 متعارف کی ہے  جس  پر اب تک 1 لاکھ سے زائد کال موصول ہوچکی ہیں۔ہیلپ لائن کے ذریعے عوام کو کورونا سے متعلق رہنمائی، مختلف امراض سے متعلق ماہر ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کے ذریعے مشورے فراہم کیے گئے ہیں۔ذہنی امراض سے متعلق ماہر نفسیات سے طبی مشورے اور ادویات سے متعلق رہنمائی بھی ہیلپ لائن نمبر کے زریعے فراہم کی گئی ہے۔ریسکیو ایمرجنسی سروس اور میونسپل سروس تک رسائی سمیت صنعت وحرفت کے شعبے سے وابستہ افراد کی رہنمائی اور شہری دفاع رضاکاروں کی رجسٹریشن بھی ہیلپ لائن کے ذریعے کی گئی ہے۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ عید ٹسٹنگ کیس ہے، اگر عید کے موقع پر  ایس او پیز پر  عمل  نہ  کیا گیا  تو دوبارہ سختی کی جائیگی ۔انہوں نے عوام سے کرونا کے خلاف جدو جہد میں حکومت سے تعاون کرنے کی اپیل کی ۔

اجمل وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ ہوائی فائرنگ سے اجتناب کرکے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔  ایک طرف کورونا اور دوسری طرف طیارہ حادثہ، ایسے حالات میں چاند رات پر فائرنگ کرنا  انتہائی نامناسب ہوگا جبکہ قانون کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائیگا۔